ہفتہ 28 فروری 2026 - 02:58
جمہوریہ اسلامی ایران کی اصل طاقت اللہ پر توکل اور دینی قیادت ہے / دشمن دباؤ اور دھمکیوں سے اہلِ ایمان کو مرعوب نہیں کر سکتا

حوزہ / علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: ماہِ مبارک رمضان تقویٰ، توبہ، استغفار اور اللہ سے قربت حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے، مومنین کو چاہیے کہ اس مہینے میں اپنے گناہوں کے بوجھ کو سجدوں اور گریہ و دعا کے ذریعے ہلکا کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ ڈیفنس کراچی میں خطبۂ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے خطبۂ اول میں تقویٰ کو کامیابی کی کنجی قرار دیتے ہوئے حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا: تاریخ کے بعض تحریف شدہ بیانیے اسلامی شخصیات کے کردار کو مسخ کرنے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ امت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام کی حقیقی تاریخ، خصوصاً جنگِ بدر، اُحد، خیبر اور واقعۂ غدیر کو زندہ رکھے اور نئی نسل تک صحیح انداز میں منتقل کرے۔

خطیب جمعہ نے شانِ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف بعض میڈیا بیانیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اقدس پر جادو یا عبادات میں کوتاہی جیسے دعوے سراسر توہینِ رسالت ہیں، ایسے افراد کو میڈیا پر جگہ دینا ایمانِ عوام کے لیے خطرناک ہے۔ ٹی وی چینلز کو چاہیے کہ ذمہ دار اور باشعور علماء کو مدعو کریں۔

انہوں نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: اللہ اپنے بندوں کے بہت قریب ہے اور دعا کو قبول فرماتا ہے، افطار کے وقت، سحری کے لمحات اور تنہائی کے سجدے انسان کو خدا کے سب سے زیادہ قریب کر دیتے ہیں، مومنین کو چاہیے کہ شکرگزاری کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے خطبۂ ثانی میں پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں، ملک و وطن کے دفاع کے معاملے میں تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: جمہوریہ اسلامی ایران کی اصل طاقت اللہ پر توکل اور دینی قیادت ہے، دشمن دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود اہلِ ایمان کو مرعوب نہیں کر سکتا۔

علامہ میثمی نے کراچی میں گیس پریشر پمپس کے استعمال سے ہونے والے جان لیوا حادثات پر خبردار کرتے ہوئے کہا: یہ عمل قانونی اور شرعی طور پر غلط ہے اور انسانی جانوں کے لیے شدید خطرہ رکھتا ہے، عوام کو چاہیے کہ احتیاط کریں اور اپنی و دوسروں کی جان خطرے میں نہ ڈالیں۔

انہوں نے شہداء اور زخمیوں کے اہلِ خانہ کے لیے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا: جن خاندانوں کو مشکلات درپیش ہیں وہ دفترِ قائد ملت جعفریہ سے رابطہ کریں، ان کی مدد کرنا ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔

خطیب جمعہ نے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے روزے، عبادات قبول فرمائے، ملکِ پاکستان کی حفاظت کرے، امتِ مسلمہ کو اتحاد عطا فرمائے اور ہمیں ماہِ رمضان کے فیوض و برکات سے بھرپور استفادہ کی توفیق دے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha